مریدکے: سبق یاد نہ کرنے پر مدرسہ کے استاد کا 10سالہ بچے پر تشدد، بازو توڑ دیا
مریدکے (نامہ نگار) سبق یاد نہ کرنے پر مدرسہ کے استاد نے 10سالہ حافظ قرآن بچے پر تشدد کرکے اسکا بازو توڑ ڈالا، تھانہ سٹی کے علاقہ کینال پارک میں واقع ایک مدرسہ میں محمد صفیع اللہ کو سبق یاد نہ کرنے پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جس سے اسکے دائیں بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ جسے مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے آنیوالے ایکسرے رپورٹ میں ہڈی ٹوٹنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ مضروب بچے صفیع اللہ نے بتایا کہ میں سبق ٹھیک پڑھ رہا تھا۔ قاری کو غصہ چڑھا ہوا تھا، میرے علاوہ دیگر بچوں کو بھی مارا تھا۔ واقعہ کے بعد قاری مبینہ طور مدرسہ سے فرار ہوگیا، ادھر مدرسہ کے انچارج قاری گلزار نے بتایا کہ مدرسہ استاد سے غلطی ہوئی ہے ۔ اسکے خلاف رپورٹ مقدمہ آفس کو بھیج دی ہے۔