قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پارلیمنٹ میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے کا بل مسترد کردیا
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے پارلیمنٹ میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے کے حوالے سے بل مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں مردم شماری کرائی جائے پھر یہ بل لایا جائے۔ کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کو سفارش کی کہ ملک بھر میں شام پانچ بجے مارکیٹوں کی بجلی بند کر دیں اور واپڈا کے چھوٹے ملازمین کو ملنے والے مفت بجلی کے یونٹ ختم کر دیں۔ وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ واپڈا ملازمین کے مفت یونٹ ختم کرنے کے حوالے سے قانون میں ترمیم کرنا پڑے گی۔ واپڈا میں کرپٹ افسروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو عدالتیں انہیں حکم امتناعی دے دیتی ہیں۔ حکم امتناعی کا دورانیہ کم کرنے کے لئے پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنا ہوگی۔