گوجرانوالہ میں بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ، اووربلنگ کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج
گوجرانوالہ + واہنڈو (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) گوجرانوالہ اورگردونواح کے علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کوشدیدمشکلات کاسامنا شہرمیں 12جبکہ گردونواح میں 16گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے کاروبارزندگی معطل ہوگیا جس پر شہری سراپااحتجاج بن گئے اور مختلف علاقوں میں شہریوں نے احتجاجی جلوس نکالے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت اورواپڈاکے خلاف شدیدنعرے بازی کی شہریوں کاکہناتھا کہ سردی میں اضافے کے ساتھ گیپکوحکام نے اووربلنگ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کودن میں تارے دیکھادئیے ہیں۔ دوسری طرف گیس کی عدم دستیابی پرعمران کالونی کے مکینوں نے سوئی گیس دفترکاگھیرائو کرلیا اور سوئی گیس حکام اورحکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ کچی فتومنڈعمران کالونی کے درجنوں مردخواتین اوربچوں نے سوئی گیس دفترکے سامنے احتجاج کیااوردھرنا دیا۔ اس موقع پرمظاہرین جوتوں اورپتھروں سے مین گیٹ کوبجاتے رہے۔ مظاہرین کاکہناتھا کہ سی این جی سٹیشنوں اورصنعتی اداروں کوگیس کی فراہمی میں بھی کمی کی گئی ہے مگراس کے باوجودسوئی گیس حکام اپنے من پسند علاقو ں میں گیس کی سپلائی جاری کردیتے ہیں۔ گوجرانوالہ ریجن کوجتنی گیس کی ضرورت ہے اگرحکومت اس سے کم فراہم کررہی ہے تویہ عوام کوسڑکوں پرنکلنے پرمجبورکررہے ہیں۔ علاوہ ازیں واہنڈو میں بھی دیہاتیوں نے واہنڈو گیپکو آفس کے سامنے ٹائر جلا کرٹریفک بلاک کردی۔ گیپکو کا عملہ دفتر چھوڑ کر بھاگ گیا۔مظاہرین نے الزام لگایا ہے کہ گیپکو کے عملہ نے گائوں سے ٹرانسفارمر مرمت کے نام پر پچاس ہزار روپے جمع کئے لیکن بجلی کی بحالی نہیں ہوئی۔ سینکڑوں دیہاتیوں نے واہنڈومیں گیپکو کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ گیپکو آفس کے آگے سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی۔ بعد ازاں پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور گیپکو کے اعلیٰ افسران کی یقین دہانی پر احتجا ج ختم کردیا گیا۔