عالمی ترقی کے لئے اقتصادی انضام تیز کیا جائے: چینی صدر
بیجنگ ( این این آئی +بی بی سی) چین کے صدر شی جن پنگ نے ایشیا پیسیفک اکنامک کارپوریشن (ایپک) سے تعلق رکھنے والے ممالک پر عالمی سطح پر ترقی کو فروغ دینے کی خاطر اقتصادی انضمام تیز کرنے کیلئے زور دیا ہے۔ چینی رہنما نے یہ بات ایپک کے سربراہی اجلاس کے دوسرے دن اپنے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ آزادتجارتی معاہدے کا 2 برس تک مطالعہ کر کے پھر رپورٹ منظوری کیلئے ایپک رہنماؤں کو پیش کی جائے۔ این این آئی کے مطابق سربراہ اجلاس میں لیڈروں نے حکومتی حلقوں میں کرپشن کے انسداد اور خاتمے کیلئے مل جل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ بیجنگ حکومت اپنے سرکاری حلقوں میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کے بارے خاصی تشویش رکھتی ہے اور وہ ان اہلکاروں کو واپس لانے کی کوشش میں ہے جو سرکاری خزانے سے بھاری رقوم لے کر دوسرے ملکوں میں فرار ہو چکے ہیں۔ چینی حکومت نے تجارت اور معیشت سے متعلق کئی منصوبے پیش کئے ہیں۔دوسری طرف امریکی صدر براک اوباما نے چین کی سرکاری خبر رساں ادارے شن ہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کسی بھی طریقے سے چین کو قابو میں نہیں رکھنا چاہتا۔ ہم چاہتے ہیں چین اور اس کے شہری کامیاب ہو کر عالمی ترقی اور امن کو فروغ دینے کیلئے کام کریں کیونکہ یہ ہم سب کیلئے بہتر ہے۔