ای سی سی نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی مشروط طور پر برآمد کرنے کی اجازت دیدی
اسلام آباد+ کراچی (نوائے وقت نیوز+ کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شوگرملوںکو گنے کے کاشتکاروںکے بقاےا جات کی ادائیگی کی شرط پر 5 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ جبکہ چینی کی درآمد پر 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائدکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گنے کا کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، افغانستان کو برآمدات کی ادائیگی ڈالروں میں کرنے جبکہ سوئی اورکندھ کوٹ گیس فیلڈ سے نکلنے والی گیس کو تیل کی قیمتوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای سی سی نے گندم کی امدادی قیمت 1300 روپے فی من کرنے کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا۔ کمیٹی نے شوگر ملز مالکان کو پہلے کسانوں کو بقایا جات ادا کرنے کا پابند بنا دیا ہے۔ علاوہ ازیں برآمدکنندہ کمپنی کو آرڈر کا 15فیصد لیٹر آف کریڈٹ بھی جمع کرانا ہو گا جو ناقابل واپسی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت تجارت کی سمری پر افغانستان کو ڈالروں میں وصولی کی شرط پر برآمدات کی منظوری دی۔ سوئی اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سے نکلنے والی گیس کو لاگت کی بنیاد پر قیمت کے تعین کے اعتبار سے ماڑی گیس کمپنی کے معاہدے کو بدل کر پی پی ایل کو مذکورہ گیس کی قیمتوں کو تیل کی قیمتوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کے مذکورہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے چند روز قبل بحیثیت چیئرمین اقتصادی رابطہ کمیٹی کیا تھا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں صوبوں کو 300 ارب روپے اضافی فراہم کریں گے۔ اجلاس میں ٹیوب ویلز کی بجلی پر سبسڈی کی تجویز پر غور موخر کر دیا گیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماڑی گیس کےلئے فنڈنگ کا فارمولا ختم کر دیا۔ اب ماڑی گیس تیل و گیس کی تلاش کے لیے اپنے وسائل استعمال کرسکے گی۔ اس فیصلے سے ماڑی گیس تیل و گیس کی تلاش کے لیے اپنے وسائل استعمال کرسکے گی۔ اس سے پہلے تیل و گیس کی تلاش کے لیے ماڑی گیس کو سالانہ وفاقی حکومت سے فنڈز لینے پڑتے تھے۔ منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ماڑی گیس لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ماڑی گیس کو سالانہ تیل و گیس کی تلاش کےلئے 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ضرورت پڑتی ہے تاہم صر ف ساڑھے پانچ کروڑ روپے ہی مل پاتے ہیں۔ اب زیادہ فنڈز ملنے سے تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز اور زیادہ ہوجائے گا۔
ای سی سی