• news

دہشت گردوں کو اب ملک میں کہیں بھی منظم نہیں ہونے دینگے : کور کمانڈرز

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ نیٹ نیوز) بری فوج کی اعلیٰ کمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو قبائلی علاقوں یا ملک کے کسی بھی دوسرے حصہ میں دوبارہ اکٹھا یا منظم نہیں ہونے دیا جائے گا نہ ہی انہیں ان علاقوں میں واپس آنے دیا جائے گا جہاں سے فوجی کارروائیوں کے نتیجہ میں وہ نکالے جا چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کا ماہانہ معمول کا 176واں اجلاس جی ایچ کیو میں ہوا۔ شرکاءکو ملک میں امن و امان اور سلامتی کی مجموعی صورتحال بالخصوص آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کو ملک کے کسی بھی کونے میں کسی قسم کی پناہ نہیں دی جائے گی۔ آرمی چیف نے آپریشنز میں ہونے والی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان آپریشنز کے دوران فوجیوں کی طرف سے جرات کا مظاہرہ کرنے اور قربانیاں دینے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل راحیل شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بے گھر ہونے والے افراد کی امداد اور ان کی جلد از جلد اپنے گھروں کو واپسی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ کور کمانڈرز نے دونوں ایجنسیز میں جاری آپریشن اور حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے کور کمانڈروں کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان پر اعتماد میں لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ مشرقی سرحدوں خاص طور پر لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ کانفرنس میں آرمی چیف کے آئندہ دورہ امریکہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاءکو سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں آپریشن سے متعلق شرکاءکو آگاہ کیا گیا۔ شرکائے کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ آرمی چیف نے آپریشن اور اب تک کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن میں قربانیاں دینے والے جوانوں کی جرات کو سلام پیش کیا اور کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کمانڈرز کو دورہ افغانستان کے دوران صدر اشرف غنی کے علاوہ دیگر حکام سے ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔ توقع ہے کہ افغان صدر بھی رواں ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ خیال ہے کہ آرمی چیف 16 نومبر کو امریکہ کا دورہ بھی کریں گے۔ پاکستانی فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ امریکہ ہو گا۔ اسے پاکستان امریکہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں بھی خاصا اہم سمجھا جا رہا ہے۔

کورکمانڈرز



ای پیپر-دی نیشن