مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کی بہتری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا: غیرملکی ذرائع ابلاغ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے احتجاج اور دھرنوں کے اثرات سے نکلتے ہوئے ملک کی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنے کے ایجنڈے پر گامزن رہنے اور اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اظہار غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے اپنی تازہ ترین رپورٹس میں کیا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ جو وزیراعظم محمد نواز شریف کے چین اور جرمنی حالیہ کامیاب دوروں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، نے اپنی تازہ ترین رپورٹس میں سرمایہ کاروں کی طرف سے انہیں ملنے والی پذیرائی اور مثبت ردعمل کی نشاندہی کی۔ ممتاز برطانوی اخبار ’’گارجین‘‘ نے اپنے ایک مضمون میں اس بات کا ذکر کیا کہ کس طرح وزیراعظم نواز شریف کی حکومت عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج ناکام ہونے کے بعد پاکستان میں اقدامات پر ازسر نو توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ’’گلف نیوز‘‘ نے پاکستان کے توانائی کے اہم شعبے میں چین کی طرف سے 42 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے میں اپنے اداریئے میں کہا کہ اس سے چین پاکستان میں نئے بجلی گھر تعمیر کر سکے گا۔ ’’برٹش میل آن لائن‘‘ نے وزیراعظم کے جرمنی کے دورے کا ذکر کیا جہاں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری راغب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چانسلر انجیلا مرکل نے وزیراعظم نواز شریف کو برلن میں ملاقات کے دوران بتایا کہ اگر پاکستان میں واضح لیگل فریم ورک ہو تو جرمن کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آمادہ ہیں۔