افغان صدر کی آمد، اسلام آباد پولیس کا خیبر پی کے حکومت کو خط، مارگلہ پہاڑیوں پر سکیورٹی انتظامات کرنیکی درخواست
اسلام آباد (ثناء نیوز) اسلام آباد پولیس نے خیبر پی کے حکومت کو خط لکھا ہے جس میں افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد اور خیبر پی کے کی سرحد پر مارگلہ کی پہاڑیوں کو محفوظ بنانے کیلئے خیبر پی کے حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے خیبر پی کے حکومت کو ایک خط لکھا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کے دورے کے موقع پر اعلی شخصیات اسلام آباد میں جمع ہوں گی جبکہ افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ دونوں ملکوں کی اے ٹیموں کا دوستانہ کرکٹ میچ بھی دیکھیں گے۔ افغان صدر اشرف غنی کے دورہ اسلام آباد میں افغان صدر کے ساتھ افغان تاجروں کے نمائندے ان کے وفد میں شامل ہوں گے۔ نوائے وقت کو معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ افغان صدر اپنے دورہ اسلام آباد میں پاک افغان تجارت کو فروغ دینے پر مذاکرات کریں گے۔