• news

وزارت انسداد منشیات کے سیکرٹری نے پکڑی گئی افیون ادویہ ساز کمپنیوں کو بیچنے کی تجویز دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت انسداد منشیات کے سیکرٹری اکبر ہوتی نے وزارت کے مالیاتی مسائل حل کرنے اور وسائل کی کمی پر قابو پانے کیلئے پکڑی گئی افیون ادویہ ساز کمپنیوں کو فروخت کرنے کی قانونی اجازت فراہم کرنے کی انوکھی تجویز دیدی۔ کمیٹی نے تجویز قبول کرنے کی بجائے وزارت اور اے این ایف میں نئی بھرتیوں اور فنڈز فراہمی کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری انسداد منشیات اکبر ہوتی نے آگاہ کیا کہ بیرونی دنیا کو سمگل ہونیوالی 80 فیصد منشیات افغانستان سے پاکستان کے راستے جاتی ہے۔ اتنی بڑی مقدار میں سمگلنگ روکنے کیلئے ادارے کو اضافی نفری اور فنڈز کی ضرورت ہے۔ برطانیہ نے اے این ایف کو سمگلنگ روٹس کی فضائی نگرانی کیلئے 3 ہیلی کاپٹرز فراہم کئے جو تیل کے پیسے نہ ہونے کے باعث عرصہ دراز سے کوئٹہ میں گرائونڈ ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر حکومت بجٹ خسارے کی وجہ سے فنڈز فراہم نہیں کر سکتی تو ہمیں پکڑی گئی افیون، ادویہ ساز فیکٹریوں کو فروخت کرنے کی اجازت دے۔

ای پیپر-دی نیشن