اسامہ ہمارا ہیرو، ہمارے مقاصد اور نظریات طالبان جیسے ہیں، بچوں کو عسکری تربیت نہیں دیتے: مولانا عبدالعزیز
لندن (آئی این پی) برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک طبقہ موجود ہے جو وفاقی دارالحکومت میں اپنے مذہبی مدارس میں 500 سے زائد طلبہ و طالبات کو اسامہ بن لادن کے نظریات کے بارے میں تعلیم دے رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت پاکستان جو شمال مغربی علاقے میں القاعدہ اورطالبان کے خلاف لڑ رہی ہے تاہم وہ طالبان اور القاعدہ حامی مدرسے کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ اپنے انٹرویو میں لال مسجد کے امام مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ ہمارے مقاصد اور نظریات طالبان جیسے ہیں تاہم ہم بچوں کو عسکری تربیت نہیں دیتے، ہم ذہنوں سے کام کرتے ہیں جبکہ طالبان ہاتھوں کا بھی استعمال کرتے ہیں، ہم طلبہ کو جہاد کے بنیادی اصول پڑھاتے ہیں تاہم مدرسہ چھوڑنے کے بعد یہ طلباء کی صوابدید ہوتی ہے کہ وہ عسکری تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، ہم انکی حوصلہ شکنی نہیں کرتے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مولوی عبدالعزیز کے 8 بڑے دینی مدرسے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن ہمارے لئے ایک ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں۔