• news

ملتان روڈ پر لیگی ایم پی اے سیف الملوک کی مارکیٹ سے 3 ماہ قبل قتل ہونے والے ڈرائیور کی نعش برآمد

لاہور/ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) شیخوپورہ پولیس نے ملتان روڈ ایورنیو سٹوڈیو کے قریب مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سیف الملوک کی مارکیٹ کی چھت سے ایک شخص کی نعش برآمد کر لی ہے۔ مقتول کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی جس کو تین ماہ قبل قتل کیا گیا۔ نعش چھت پر موجود پھولوں کی کیاریوں سے ملی، اسے گرفتار ملزموں ریاض اور جاوید کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزم کامران کی کار رینٹ پر لیکر لاہور آئے تھے۔کامران کی نعش سی آئی اے پولیس شیخوپورہ کے سب انسپکٹر نوید سکندر کی قیادت میں پولیس پارٹی نے برآمد کی اور علامہ اقبال ٹائون پولیس نے اس کی معاونت کی۔ ریاض اور جاوید ملک سیف الملوک کے ملازم بتائے جاتے ہیں جنہوں نے کامران کی گاڑی اعظم نامی پولیس ہیڈکانسٹیبل کو 3 لاکھ میں فروخت کی جو اس وقت تھانہ علامہ اقبال ٹائون میں تعینات تھا۔ پولیس اعظم کو بھی تلاش کر رہی ہے جبکہ ملک سیف الملوک سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق چند روز قبل سی آئی اے پولیس نے ڈکیت گینگ کے ارکان جاوید اور ریاض کو گرفتار کیا اور جب ان سے تفتیش کی تو انہوں نے اعتراف کیا انہوں نے ٹیکسی سٹینڈ سے کامران ڈرائیور کی کار کرایہ پر حاصل کی اور اسے قتل کر کے کار فروخت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن