بولان: فورسز سے جھڑپ‘ کالعدم تنظیموں کے 6 دہشت گرد ہلاک‘ کوئٹہ چمن میں چیک پوسٹوں پر حملے‘ 2 اہلکار جاں بحق
کوئٹہ (این این آئی + نوائے وقت نیوز) بلوچستان کے علاقے بولان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیموں کے 6 دہشتگرد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ کوئٹہ اور چمن 2 چیک پوسٹ پر حملے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ ترجمان ایف سی کا کہنا ہے کہ بولان میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے اور یو بی اے سے ہے اور وہ نیشنل ہائی وے پر پبلک ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ سرچ آپریشن میں سبی سکائوٹ نے حصہ لیا۔ دہشتگردوں کی جانب سے ایف سی اہلکاروں پر راکٹ لانچر اور دستی بم حملے کئے گئے۔ فورسز نے 18 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے ہنہ میں چیک پوسٹ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ہنہ کے علاقے نصر آباد میں پولیس چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے میں چوکی پر موجود چار پولیس اہلکاروں میں سے ایک شہید ہو گیا جس کی سلطان محمد کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔ حملہ آور پولیس سے اسلحہ چھیننے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے اس حملے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا۔ ادھر چمن کے علاقے خانوزئی میں لیویز چیک پوسٹ پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق 2 زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا۔