• news

’’بیوروکریسی کام نہیں کرنے دے رہی‘‘ وفاقی وزیر صنعت مرتضیٰ جتوئی مستعفی

کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر صنعت و تجارت مرتضیٰ جتوئی مستعفی ہو گئے اور انہوں نے جتوئی ہاؤس کراچی سے استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس ارسال کر دیا گیا، مسلم لیگ ن کے ناراض حلقوں نے مرتضیٰ جتوئی سے رابطہ کیا ہے جبکہ حکومت کے مقتدر حلقے مرتضیٰ جتوئی کو منانے کیلئے سرگرم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نوازکے استعفے کے بعد وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی کا استعفیٰ سامنے آ گیا، وفاقی وزیر نے وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کردہ اپنے استعفے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے، مرتضیٰ جتوئی کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی ہماری ایک نہیں سنتی اور انہیں کام نہیں کرنے دے رہی۔ اپنی مرضی سے وزارت کو چلایا جا رہا ہے ایسے میں مجھے اپنی وزارت صنعت و تجارت  میں مشکلات درپیش ہیں ہمارے جائز کام بھی نہیں ہو رہے ہیں، باخبر ذرائع کے مطابق حکومت کے مقتدر حلقوں نے وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس بات کا واضح امکان ہے کہ تحفظات دور ہوتے ہی مرتضی جتوئی اپنا استعفیٰ واپس لے لیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مرتضیٰ جتوئی نے خط میں کہا کہ وزارت میں مسلسل مداخلت ہو رہی تھی۔ مجھے اختیارات دیئے جائیں یا استعفیٰ منظور کیا جائے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے بھی وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ عبدالحکیم بلوچ نے بھی استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا۔ عبدالحکیم بلوچ نے بھی شکوہ کیا ہے کہ میری وزارت میں مسلسل مداخلت ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن