پنجاب میں ٹیکسٹائل صنعت کیلئے گیس کی کمی کا مسئلہ، وزیراعظم نے کمیٹی بنا دی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پنجاب میں ٹیکسٹائل کی صنعت کے لئے گیس کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی فوری طور پر کام شروع کرے گی اور جلد از جلد وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار مسئلے کے حل کے لئے تجاویز کو حتمی شکل دیں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری عبا س خان آفریدی شامل ہیں۔ کمیٹی میں پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندے بھی شامل کئے گئے ہیں۔ کمیٹی کو پنجاب کی ٹیکسٹائل کی صنعت کو سردیوں کے مہینوں میں گیس کی سپلائی دینے کے لئے میکنزم کے لئے تیار کیا جائے گا۔ کمیٹی گیس کے کم پریشر کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تجاویز تیار کرے گی۔ کمیٹی کے چیئرمین بھی کسی اور رکن کو کمیٹی میں شامل کرسکتے ہیں۔ کمیٹی کو سردیوں میں پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی مسلسل فراہمی، پنجاب میں صنعت کیلئے گیس کے کم دبائو کے مسئلے کو دور کرنے اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کیلئے طریقہ کار تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ کمیٹی فوری طور پر اپنا کام شروع کرے گی اور ہنگامی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔