جنرل راحیل شریف ایک ہفتے کے دورے پر آج امریکہ جائیں گے
راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف امریکی فوجی قیادت کی دعوت پر ایک ہفتہ کے سرکاری دورہ پر (آج) ہفتہ کو امریکہ کے اپنے پہلے دورے پر روانہ ہوں گے‘ آرمی چیف اپنے اس اہم دورہ کے دوران اعلیٰ امریکی فوجی اور سول حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس کے دوران خطہ کی صورتحال بالخصوص دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری پاک فوج کے آپریشن‘ افغانستان کی صورتحال اور بھارت کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے‘ دورہ کے دوران امریکی محکمہ دفاع کے پاکستان اور پاک فوج پر افغانستان میں مداخلت سمیت دیگر سنگین الزامات کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔ آرمی چیف کے دورہ کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ پہلے ہی واشنگٹن پہنچ چکے ہیں آرمی چیف کو دورہ امریکہ کی دعوت امریکی فوج کے سربراہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے دی تھی۔ دورہ امریکہ کے دوران جنرل راحیل شریف کی سیکرٹری دفاع چیک ہیگل ،کمانڈر جنرل لائیڈآسٹن سے ملاقاتوںکا امکان ہے اسکے علاوہ وہ فلوریڈا میں سینٹ کام کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کریں گے۔