• news

میرے اور پرویز خٹک کے وارنٹ پر دنیا ہنس رہی ہے‘ اشتہاری قرار دینا مہنگا پڑیگا: عمران

اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا کوئی کارکن پی ٹی وی کی عمارت کے قریب بھی نہیں گیا مجھے جب پی ٹی وی پر حملے کی اطلاع ملی تو کنٹینرمیں سویا ہوا تھا، حکمرانوں نے اربوں روپے کے قرض معاف کرائے اور پاکستان میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے لیکن موجودہ انصاف کا نظام طاقتور مجرم کو نہیں پکڑ سکتا، اگر میں وزیر اعظم ہوتا اور گو عمران گو کے نعرے لگتے تو میں شرم سے چلا جاتا، سب کا متفقہ نیا الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے، تا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں اور کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، اس کے لئے پورا الیکشن کمیشن نیا بنایا جائے، ہمیں موجودہ ممبران میں سے کوئی بھی شخص قبول نہیں ہے، اب میں اصل میچ کے لیے تیار ہورہا ہوں، حکومت 30 نومبر سے ڈری ہوئی ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی آج اشتہاری بھی بن گیا ہے جبکہ پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی جیسے شریف انسان کو بھی اشتہاری بنادیا گیا حالانکہ جب پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ ہوا تو میںکنٹینر میں سو رہا تھا۔ قوم کو سچائی بتا کر رہیں گے، یہاں ہر الیکشن پیسوں اور دھاندلی سے جیتا گیا مگر اب یہ کھیل ہم ختم کر دیں گے اور دھاندلی کی تحقیقات تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ پچھلے 6سالوں میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا اور اس قوم کو لوٹا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ قوم اب جاگ گئی ہے اور وہ ایک نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف کے استعفے تک ہماری تحریک ختم نہیں ہوگی، ہم ایک نیا پاکستان بنائیں گے جہاں لوگ دنیا بھر سے نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے، ملک میں اب تک جنگل کا قانون ہے، ہم ملک میں قانون لے کر آئیں گے۔ حکومت سے تمام مظالم کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کرپشن کم کر دئے تو بجلی کی قیمت آدھی ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں لوگ سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں۔عمران خان نے کہاہے کہ حکومت سیاسی بحران کے حل کیلئے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں،دھاندلی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن پر اتفاق رائے قائم کیاگیا لیکن اب حکومت پسپائی اختیار کررہی ہے چنانچہ30 نومبر کو اسلام آباد میں تاریخی احتجاج ہوگا۔ ملکی تاریخ کے سب سے طویل ترین اور پرامن ترین دھرنے کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دھاندلی کی تحقیقات مکمل اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیے بغیر ملک میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے ممبر ممالک کے سفیروں کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت جھوٹے مقدمات کے ذریعے ہمیں ڈرانے اور دبانے کی کوشش کررہی ہے، میرے اور پرویز خٹک کے وارنٹ جاری کرنے پر دنیاہنس رہی ہے، اشتہاری قرار دینا حکومت کو مہنگا پڑے گا، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پی ٹی وی پر حملے میں ملوث ہونا ثابت کردیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ وارنٹ گرفتاری جمہوریت کیخلاف سازش ہے۔ وارنٹ گرفتاری کے اجراء سے حکمرانوں کے اصل چہرے سامنے آگئے۔

ای پیپر-دی نیشن