• news

ایس ایس پی حملہ کیس: عمران‘ طاہر القادری اشتہاری قرار‘ گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد پر حملہ کے کیس میں اشتہاری ملزم قرار دیدیا، عدالت نے دونوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی تو پراسیکیوٹر سید محمد طیب شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر رکھے ہیں تاہم ملزمان گرفتاری دینے سے گریزاں ہیں اور روپوش ہو رہے ہیں۔ عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کو اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے عمران خان اور طاہر القادری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ایس ایس پی آپریشنز عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کرنے کے الزام میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ اے پی پی کے مطابق ملزمان کیخلاف پارلیمنٹ ہائوس اور پی ٹی وی پر حملہ سمیت دیگر مقدمات بھی اسی تھانے میں درج ہیں۔ ثناء نیوز اور آئی این پی کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج جسٹس کوثرعباس زیدی نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو کو دھرنے کے دوران زخمی کرنے کے مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر مقدمے میں نامزد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور طاہرالقادری کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور انہیں اشتہاری قرار دے دیا اور آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس سے پہلے عدالت دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔ بی بی سی کے مطابق سماعت کے دوران عدالت نے اس مقدمے کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ یہ افراد تو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے روزانہ تقریریں کرتے رہے ہیں تو پھر اْنہیں وہاں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اگر ان ملزمان کو وہاں پر گرفتار کرنے کی کوشش کی جاتی تو وہاں امن و امان خراب ہونے کا خدشہ تھا اس لیے عمران خان اور طاہر القادری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سے گرفتار نہیں کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے پولیس کو ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے اس عدالتی حکم کی کاپیاں عمران خان اور طاہرالقادری کے گھروں کے علاوہ عوامی مقامات پر بھی چسپاں کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملوں کے مقدمات میں عمران خان اور طاہرالقادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں طاہر القادری کو اشتہاری قرار دیا ہوا ہے اور اْنہیں دسمبر کے پہلے ہفتے میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن