کمشن کے ذریعے تقرری کی شرط ختم‘ حکومت دسمبر کے آخر تک تمام اداروں کے سربراہ تعینات کرے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (ثناء نیوز + نمائندہ نوائے وقت+ آن لائن) سپریم کورٹ نے خود مختار اداروں اور کارپوریشنوں کے سربراہان کی تقرری کمشن کے ذریعہ کرنے کی شرط ختم کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ دسمبر کے آخر تک تمام اداروں کے سربراہوں کی تقرری کو یقینی بنایا جائے۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے وفاق کو قانون اور قواعد کے مطابق تقرریاں کرنے کی اجازت دے دی۔ خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی دور میں خود مختار اداروں اور کارپوریشنوں کے سربراہوں کی تقرریوں کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔2013ء میں عدالت نے خواجہ آصف کی درخواست پر فیصلہ دیا تھا کہ ان اداروں کے سربراہوں کی تقرری کے لیے کمشن تشکیل دیا جائے اور اس کمشن کے ذریعہ تقرریاں کی جائیں جبکہ خواجہ آصف نے اس فیصلہ کے خلاف درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اداروں کے سربراہوں کی تقرری کے لئے کمشن کی شرط کو ختم کیا جائے اور 2013ء کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے۔ عدالت نے نظر ثانی درخواست منظور کرتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ اب کمشن کی شرط ختم ہونے کے بعد یہ شکایت دور ہونی چاہیے کہ اداروں کے سربراہان کا تقرر نہیں ہوتا اور ادارے لمبے عرصہ تک سربراہ کے بغیر چلتے ہیں۔ عدالت نے دسمبر کے اختتام تک تقرریاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو ہدایت کی کہ وہ 10 دسمبر تک ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں کہ کن کن اداروں کے سربراہوں کی تقرری ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں بینچ نے درخواست پر فیصلہ 30 اکتوبر کو محفوظ کر لیا تھا اور جمعہ کے روز جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس ناصر الملک نے خود فیصلہ تحریر کیا ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے فیصلہ دیا تھا کہ اداروں کے سربراہان کی تقرری کمشن کے ذریعے کی جائے۔ حکومت میرٹ کے مطابق اعلی اداروں کے سربراہان کی تقرری خود کرے۔ آن لائن کے مطابق عدالت نے حساس ادارے کے ملازم غلام رسول کی ترقی اور کیڈر کے حوالے سے دائر درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں فیڈرل ٹربیونل سروسز سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی ایس آئی کے ملازم غلام رسول کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ جمعہ کو سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار ترقی اور کیڈر سے متعلقہ ریلیف کیلئے ایف ایس ٹی رجوع کریں جبکہ سرکاری اداروں کے تازہ ترین سرکاری عہدوں پر تقرریاں کرنے کا حکم دیا ہے۔