افغان صدر کا جی ایچ کیو کا دورہ غیر معمولی واقعہ ہے: سفارتی ذرائع
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورے پر جمعہ کی صبح یہاں پہنچے تو وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس دورے میں افغان صدر کے ہمراہ افغان وزیرخارجہ، وزیر تجارت اور افغان فوج کے سربراہ سمیت تیس رکنی وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔ ستمبر میں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اپنے دورے میں افغان صدر پاکستانی صدر اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، تجارت، معیشت اور سلامتی سے متعلق تفصیلی مذاکرات بھی ہوں گے۔ایک سفارتی ذریعہ کے مطابق افغان صدر کا راولپنڈی میں دورہ جی ایچ کیو بھی ایک غیر معمولی واقعہ ہے جو اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ افغان صدر پاکستان کے ساتھ ماضی کی تلخیاں بھلا کر تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔