• news

مدیحہ شاہ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی تاجر سے شادی کر لی، اچھا شوہر ملا ہے، شوبز سرگرمیوں پر پابندی نہیں لگائی : اداکارہ

لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف اداکارہ مدیحہ شاہ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی تاجر جاوید اقبال سے شادی کر لی۔ جاوید اقبال کی فیملی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ کئی برسوں سے کینیڈا کے شہر وینکور میں مقیم ہیں اور دنیا بھر میں ان کا بزنس ہے۔ شادی 12 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر وینکور میں ہوئی ہے۔ مدیحہ شاہ نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ارینج میرج ہے۔ دونوں فیملیوں نے پہلے رشتہ طے کیا اور پھر سادگی کے ساتھ شادی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر بڑے اچھے اور سسرال والوں نے بہت عزت دی ہے۔ خوش قسمتی سے اچھا شوہر ملا ہے۔ انہوں نے میری شوبز سرگرمیوں پر پابندی نہیں لگائی۔ ایک ماہ کے بعد شوہر کے ساتھ پاکستان آؤں گی، کچھ دن کراچی میں سسرال کے ہاں قیام کروں گی۔ اس کے بعد لاہور آؤں گی اور یہاں شادی کا استقبالیہ دوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن