• news

سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف لاہور میں مظاہرہ، گوجرانوالہ میں دفتر پر پتھرائو

لاہور/ گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ، ٹریفک بلاک کردی۔ گوجرانوالہ میں محکمہ سوئی گیس آفس پر پتھرائو کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں گیس کی غیراعلانیہ بندش کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور گرین ٹائون کے سینکڑوں مکینوں نے سوئی ناردرن حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرین ٹائون میں گیس کی غیراعلانیہ بندش سے لوگ گھروں کا کھانا کھانے کو ترس گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ اس دوعملی کا نوٹس لیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے بیزارسینکڑوں صارفین نے سوئی گیس دفتر شدید پتھرائو کیا، گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ شاہین آباد، گرجاکھ، رتہ روڈ، ڈی سی روڈ، امیرپارک، فتومنڈ، نوشہرہ روڈ اور شہرکے دیگر گنجان آباد رہائشی علاقوں کے مظاہرین میں زیادہ تر تعداد خواتین کی تھی جنہوں نے سوئی گیس دفترکے سامنے پلے کارڈاٹھا کر شدید احتجاج کیا۔ خواتین نے سوئی گیس دفتر پر پتھرائو کرکے اپنے جذبات کا اظہارکیا۔ پتھرائو کے باعث سوئی گیس دفترکے شیشے ٹوٹ گئے احتجاجی مظاہرین نے پلے کارڈپرسوئی گیس حکام کے خلاف اورگونوازگوکے نعرے درج کر رکھے تھے۔ اس موقع پرخواتین نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کے باعث ان کے بچے فاقوں سے مررہے ہیں۔ تھانہ سول لائن پولیس نے موقع پرپہنچ کراحتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کیے بعدازاں سوئی گیس افسران کی جانب سے طفل تسلیاں دیکر مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن