• news

چترال: سرحد پار سے آنے والا گولہ لگنے سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق، پولیس سٹیشن تباہ

چترال (اے ایف پی+ دی نیشن+ آئی این پی) افغان سرحدی علاقے ارندو میں افغانستان کی جانب سے آنے والا گولہ لگنے سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ گولہ سرحد کی دوسری جانب افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے دوران پاکستانی حدود میں گرا۔ سینئر پاکستان سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جھڑپ کے دوران گولیاں اور مارٹر گولے پاکستانی گائوں میں گرے جس سے پولیس سٹیشن بھی تباہ ہو گیا۔ مقامی سکیورٹی عہدیدار نے بھی واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ پشاور سے دی نیشن کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صرف 13سالہ لڑکا جاں بحق ہوا۔ رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجہ میں 2پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ملیں تاہم نامہ نگارکے مطابق اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ڈی پی او نے بھی فائرنگ کے نتیجے میں بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ قبل ازیں آئی این پی نے رپورٹ دی تھی کہ افغانستان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایچ او تھانہ ارندو  میر فیاط خان کا کہنا ہے ہفتہ کوصبح 5.30 بجے  افغانستان کے صوبہ کونڑ (اسد آباد) بریکوٹ کے قریب دلبر چوکی پر افغان طالبان نے فائرنگ  کی جبکہ جوابی فائرنگ میں افغان فورسز نے حملہ آوروں کو بھگا دیا تاہم اس چوکی کے قریب  پاکستانی حدود میں  ارندو حاص گائوں کی خاتون واحدہ بی بی دختر گل روز  خان عمر 18 سال اور گل روز خان زخمی ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن