• news

بنوں : آئی ڈی پیز کو راشن کی تقسیم میں پھر بدنظمی‘ لاٹھی چارج : گرفتاریوں کیخلاف ماروی میمن کا ھرنا 101 رہا

بنوں (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) سپورٹس کمپلےکس میں آئی ڈی پیز کے راشن پوائنٹ پر پھر بدنظمی ہوئی، پولیس کے پتھراﺅ اور لاٹھی چارج سے متاثرین منتشر ہو گئے تاہم کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا، انتظامیہ نے راشن پوائنٹ وقتی طور پر بند کر دیا۔ گزشتہ روز راشن کی تقسیم کے دوران اچانک ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی، پولیس کے لاٹھی چارج اور پتھراﺅ سے 2 قبائلی زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب گرفتار آئی ڈی پیز کی رہائی کیلئے سنٹرل جیل کے باہر ماروی میمن نے دھرنا دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے مطالبہ کیا جب تک گرفتار آئی ڈی پیز کو رہا نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رہیگا۔ ماروی میمن نے کہا آئی ڈی پیز معاملے پر کمشنر اور آئی جی سے رابطہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی ذمہ داریاں قبول کرنے سے کترا رہی ہے، عالمی سطح پر معاملے کا اچھا تاثر قائم نہیں ہو گا۔ تحریک انصاف سے خیبرپی کے کے حالات نہیں دیکھے جا رہے، انکا نیا پاکستان کیسا ہو گا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ آئی جی کے کہنے کے باوجود آئی ڈی پیز کو رہا نہیں کیا جا رہا۔ آئی ڈی پیز ملک کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر آئے ہیں۔ ماروی میمن نے بھوک ہڑتال کی اور سارا دن آئی ڈی پیز کی رہائی کیلئے دوسرے شرکاءکیساتھ سڑک پر بیٹھی رہیں۔ ادھر آئی جی خیبر پی کے پولیس ناصر درانی کی ہدایت پر گرفتار آئی ڈی پیز کے خلاف کیس واپس لے لیا گیا ہے اور ہنگامہ آرائی میں گرفتار 101 آئی ڈی پیز کو رہا کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے ماروی میمن سیاست چمکانے کی بجائے مرکز کے کاموں پر توجہ دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا ماروی میمن کی سیاست سے پہلے ہی تمام معاملہ حل کر چکے تھے۔ آئی ڈی پیز نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی۔ ماروی میمن آئی ڈی پیز کے معاملے پر سیاست سے باز رہیں۔ ہمیں وفاقی حکومت کے گناہوں کی سزا مل رہی ہے۔ صوبائی حکومت 36 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین، آئی ڈی پیز کی معاونت کر رہی ہے۔ ماروی میمن نمک چھڑکنے والے بیانات دینا بند کریں۔ آن لائن کے مطابق ایم این اے ملک نذیر خان اور نیک عمل خان نے کہا شمالی وزیرستان کے عوام بہت سی مشکلات سے دوچار ہیں جن کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ اورعسکری قیادت سے بات چیت کریں گے اور ماروی میمن کے شمالی وزیرستان کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پرمشکور ہیں اس موقع پر ماروی میمن کو دختر وزیرستان کا خطاب دیاگیا اس دوران انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے چند طلباءدھرنے کے مقام پر پہنچے اور نواز حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرنے لگے اور آئی ڈی پیزکے ساتھ اظہار یکجہتی کی جس پرآئی ڈی پیز نے طلباءکو دھکے دیکر دھرنے کی جگہ سے ہٹایا اور مظاہرین نے آئی ایس ایف کے طلباءپر پتھراﺅ شروع کیا جس پر طلباءنے بھاگ کر جان بچائی اس موقع پرمسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر ملک نواب خان ،ضلعی صدر حاجی حمید خان نے بھی دھرنے میں آکر مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
بنوں/ بدنظمی

ای پیپر-دی نیشن