• news

رائے ونڈ: ٹرین میں آتشزدگی، سٹیشن سے ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن کا فیصلہ

 رائے ونڈ (نامہ نگار) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر رائے ونڈ جنکشن پر ٹرین میں آتشزدگی کی وجوہات جاننے کیلئے لاہور پولیس نے ملحقہ آبادیوں کے سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جو تبلیغی اجتماع کے بعد جلد متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے رائے ونڈ کی مقامی ریلوے پولیس نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی تدابیر نہیں کیں اور یوں آتشزدگی میں ریلوے کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ سٹیشن پر تمام واقعات پلیٹ فارم نمبر تین پر کھڑی ٹرینوں میں ہوئے ہیں۔ جس میں ریلوے چوکی پولیس کی واضح غفلت نظر آتی ہے جس نے تبلیغی اجتماع کے ایام میں سٹیشن پر کھڑی سپیشل ٹرینوں کی رات کو حفاظت کا کبھی مکمل انتظام نہیں کیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے ریلوے سٹیشن سے ملحقہ علاقوں بستی امین پورہ اور مرتضیٰ آباد وغیرہ جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کی آماجگاہ ہیں۔ یہاں پر منشیات کے اڈوں، جوئے خانوں اور قحبہ خانوں کی بھرمار ہے۔ جرائم پیشہ افراد قحبہ خانوں میں پناہ لیتے ہیں اور بعد میں وارداتیں کرتے ہیں ۔ صورت حال سے مقامی پولیس بخوبی واقف ہے لیکن پولیس نے اس علاقے کا کبھی سرچ آپریشن نہیں کیا۔ معلوم ہوا ہے علاقہ میں جہاں بھی چوری ڈکیتی یا راہزنی کی واردات ہوتی ہے ان آبادیوںکا کوئی نہ کوئی شخص ضرور ملوث ہوتا ہے۔ یہی صورت حال ریلوے ملازمین کے کوارٹرز کی ہے جن میں سے اکثر پر بااثر سیاسی شخصیات کے حواری قابض ہیں۔ یہ بھی جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہیں ہیں۔ ریلوے سٹیشن بھی جرائم پیشہ افراد اور جواریوں کا پسندیدہ مقام ہے۔ یہاں سکیورٹی نام کی چیز مدتوں سے نہیں۔ پولیس کی مجرمانہ غفلت کے باعث سٹیشن کی ملحقہ آبادیاں علاقہ غیر کی شکل اختیار کرچکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن