• news

جہلم میں تحریک انصاف کا جلسہ آج ضمیر جعفری سٹیڈیم میں ہوگا، تیاریاں مکمل

جہلم (نامہ نگار) تحریک انصاف کا جلسہ آج ضمیر جعفری سٹیڈیم جہلم میں ہو گا۔ تحریک انصاف ضمیر جعفری سٹیڈیم میں جلسہ منعقد کریگی جہاں تحریک انصاف کی ضلعی تنظیم کی جانب سے جلسہ کے انعقاد کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جلسہ گاہ میں ہزاروں کرسیاں لگا کر سٹیج بنانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب مرکزی سٹیج سمیت دو مزید سٹیج اہم شخصیات اور میڈیا کوریج کیلئے بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہنے کیلئے سٹیڈیم کی دیواروں کو تین جگہ سے توڑ کر داخلی و خارجی راستے بھی بنا دئیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ اور شہر بھر کو بینروں اور جھنڈوں سے سجادیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی جہلم کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ہم ضلع جہلم میں ہم اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ علاوہ ازیں ضلعی ترجمان پی ٹی آئی ظفر محمود ڈار نے بتایا کہ جلسہ کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ضلعی پولیس کے 500 اہلکاروں کے ساتھ یوتھ ونگ کے 250کارکن سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسہ کیلئے شہر میں بھرپور ہلچل دیکھی جارہی ہے اور جلسہ گاہ کے قریب ٹوپیوں، بینزز، سٹیکرز، بیجز بیچنے والوں کے بڑی تعداد میں سٹال لگ گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن