حسن طارق رحیم ٹینس ٹورنامنٹ: اعصام اور عقیل کی جوڑی کامیاب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) حسن طارق رحیم ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ قومی ٹینس سٹار اعصام الحق اور عقیل خان پر مشتمل جوڑی نے پہلے راﺅنڈ میں کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جمخانہ کلب کے ہارڈ کورٹ میں شروع ہونیوالے حسن طارق رحیم ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نمایاں ٹینس سٹار شرکت کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے راﺅنڈ میں پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق اور عقیل خان پر مشتمل جوڑی نے محمد عابد اور عثمان رفیق چھ دو، تین چھ اور دس تین سے شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ افتتاحی سیٹ میں اعصام عقیل کی جوڑی کامیاب رہی تاہم دوسرے سیٹ میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے سیٹ میں کا فیصلہ ٹائی بریکر پر ہوا جس میں قومی سٹارز یکطرفہ مقابلے میں دس تین سے فاتح رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہاکہ پاکستان میں ٹینس کا معیار بہتر ہوا ہے تاہم غیرملکی ٹورز کی وجہ سے وہ زیادہ ایونٹس میں شرکت نہیں کرپاتے ،فارغ اوقات میں وہ لوکل ٹورنامنٹ میں لازمی حصہ لیں گے۔