ایشین گیمز میں ٹائٹل کا دفاع نہ کر سکے‘ پی ایچ ایف فنڈز مانگ رہی ہے: نوید عالم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپئین نوید عالم نے کہا ہے کہ فیڈریشن حکام ایشین گیمز میں ٹائٹل کا دفاع نہ کر سکنے کے باوجود حکومت سے فنڈز مانگ رہے ہیں جو حیران کن ہے، پاکستان میں اولمپک کی متوازی تنظیم قائم کرنے والے لوگ عہدوں پر براجمان ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ نوید عالم نے کہا کہ قومی ہاکی کی اب حالت یہ ہو گئی ہے کہ کوریا جیسا ملک ہماری ٹیم کو ویزے نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی متوازی تنظیمیں بنانے میں مر کزی کردار ادا کر نے والے لوگ آج پاکستان ہاکی میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں اور انہی لوگوں کی وجہ سے پاکستان میں کلب ہاکی کا خاتمہ ہوا اور ان کی بنائی ہو ئی ہاکی اکیڈ میوں کاکوئی وجود دکھائی نہیں دیتا اور یہ لوگ پھر بھی سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ سابق اولمپئین نے کہا کہ قومی کھیل کے ساتھ یہ کیسا مذاق ہے کہ قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمزمیں اپنے اعزاز کا دفاع کر نے میں ناکام ہو تی ہے اور فیڈریشن حکام حکومت سے گرانٹ کے طلب گار ہیں میرے خیال میں ہاکی بحالی کے لئے حکومت کو گرانٹ ضرور دینی چاہئے مگر اس کے ساتھ پہلے دی گئی گرانٹ کا حساب بھی لیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ وہ پیسے کہاں گئے۔