• news

پی سی بی جونیئر سیکشن کمیٹی کا اجلاس کل بلائے جانے کا امکان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ کینیاکی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ رواں ہفتے کے اختتام پر لاہور میں لگایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا اجلاس کل لاہور میں بلائے جانے کا امکان ہے جس میں انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔ اس اجلاس کی صدارت جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کرینگے۔ اجلاس میں حال ہی میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان اور کینیا کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس میں شرکت کے لیے قومی ٹیم 2 دسمبر کو کینیا پہنچے گی۔ پاکستان جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان جونیئر لیول ٹیموں کے غیر ملکی دوروں کا آغاز ہونے جا رہا ہے یہ سلسلہ اب تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کا تمام کریڈٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان کو جاتا ہے۔ پاکستان انڈر 19 اور اے ٹیموں کے غیر ملکی دوروں سے ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جو مستقبل میں پاکستان ٹیم کے کام آئے گا۔ افغانستان کے خلاف نمائشی میچز میں ہم نے جن کھلاڑیوں کو کھلایا تھا ہار جیت کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ 2016ءمیں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کی تیاریوں کے سلسلہ میں کھلایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن