پرتھ ون ڈے، جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست
پرتھ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔پرتھ میں جاری سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ پوری کینگرو ٹیم مہمان پروٹیز کے ہاتھوں 42 ویں اوور میں 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مچل مارش نے ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے کیریئر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنی مورکل نے پانچ اور ڈیل سٹین نے تین شکار کئے۔ جواب میں پروٹیز نے مقررہ ہدف 28 ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان اے بی ڈویلئیرز 48 اور روسوو 30 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔