21 نومبر کو لاڑکانہ سے 12 کلومیٹر دور جلسہ ہو گا پی ٹی آئی کو گوجرانوالہ جلسہ کا بھی این او سی جاری
گوجرانوالہ/ لاڑکانہ (نمائندہ خصوصی + آئی این پی) گوجرانوالہ اور لاڑکانہ کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 23 نومبر اور 21 نومبر کو جلسے کی اجازت دیدی ہے۔ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے مطابق تحریک انصاف کو 23 نومبر کو جناح سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت دی گئی ہے۔ منتظمین کو وی آئی پیز کی آمد سے متعلق لسٹ جلسہ سے قبل انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوگی۔ بتایا گیا ہے جلسہ منتظمین کو شرکاءکے داخلے اور جلسہ کے اختتام پر باہر نکلنے کیلئے گیٹوں پر بینر آویزاں کرنے ہوں گے جبکہ سٹیج کے اردگرد خاردار تاریں لگائی جائینگی، منتظمین کو جلسہ گاہ میں لائٹ کے مناسب انتظامات بھی کرنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ گیٹوں پر سکیورٹی کیلئے تعینات پولیس اہلکاروں کے ہمراہ تحریک انصاف کے کارکن بھی ڈیوٹی انجام دینگے۔ جلسہ کے انتظامات کے دوران سٹیڈیم کی توڑ پھوڑ اور دیگر نقصانات کا ازالہ جلسہ منتظمین کے ذمہ ہوگا۔ اس طرح جلسہ منتظمین کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 32 شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ معلوم ہوا ہے تحریک انصاف کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کی تمام شرائط کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق لاڑکانہ کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 21 نومبر کے جلسے کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا ۔ این او سی کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شفقت انڑ کی رہائش گاہ کے قریب جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ ڈی سی او لاڑکانہ نے کہا ہے تحریک انصاف کا جلسہ لاڑکانہ سے 12 کلو میٹر دور تحصیل باکرانی کے گاو¿ں علی آباد میں ہوگا جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے این او سی جاری کردیا گیا ہے۔
جلسہ/ اجازت