ننکانہ صاحب میں شیخ رشید کی اشتعال انگیز تقریر کیخلاف مقدمہ کیلئے رٹ دائر
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران اشتعال انگیز تقریر پر اندراج مقدمہ کے لئے لیگی جیالا سیشن کورٹ پہنچ گیا۔ رٹ پٹیشن میں استدعا کی گئی کہ شیخ رشید کو غدار وطن قرار دے کر مقدمہ درج کیا جائے۔ سیشن جج نے 24 نومبر تک ایس ایچ او سٹی سے تحریری جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق 12 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے گورنمنٹ گورورنانک ہائی سکول میں منعقدہ جلسے کے دوران شیخ رشید کی طرف سے اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ننکانہ صاحب امتیاز احمد کاہلوں نے ایڈووکیٹ میاں لیاقت علی کی وساطت سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نثار احمد کی عدالت میں مقدمہ کے اندراج کے لئے رٹ پٹیشن دائر کر دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید احمد نے اپنی تقریر کے دوران نوجوانوں کو ملک میں جلائو گھیرائو کی ترغیب دے کر ملک سے غداری کی ہے۔