• news

بہاولنگر: ٹیوب ویل بلوں کے نادہندہ کسانوں اور پولیس میں تصادم،2 ایس ایچ اوز سمیت کئی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، تشدد

بہاولنگر، ہارون آباد (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) ٹیوب ویل کے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی و دیگر مقدمات کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جانے والی پولیس پارٹی اور پاکستان کسان اتحاد کے درمیان تصادم، کسانوں نے پولیس کی پانچ گاڑیاں اور سرکاری اسلحہ چھین لیا، گاڑیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور پولیس افسران کو یرغمال بنا لیا، متعدد پولیس افسران شدید زخمی، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولنگر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے پنجاب کے متعدد اضلاع سے بھاری نفری منگوا کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے گرینڈ آپریشن کیا اور درجنوں ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر241/HR میں ڈویژنل صدر پاکستان کسان اتحاد میاں عامر وٹواور دیگر جو متعدد مقدمات میں اشتہاری ہیں کی گرفتاری کیلئے گزشتہ شام سرکل فورٹ عباس کے تین تھانوں کی نفری نے ڈی ایس پی عابد وڑائچ کی سربراہی میں ریڈ کیا تو عامر وٹو نے مسجدوں میں اعلان کر وا کر عوام کو مشتعل کر دیا جنہوں نے پولیس کو گھیرا ڈال لیا اور پولیس کی پانچ گاڑیاں اور سرکاری رائفلیں چھین لیں۔گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کر کے مکمل طور پر تباہ کر دیا اور متعدد پولیس افسران کو یرغمال بنا لیا اور تشدد کر نا شروع کر دیا جس سے کئی پولیس ملازمین شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس افسران نے فصلوں میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔ ایس ایچ او فورٹ عباس رانا علی اکبر اور ایس ایچ او مروٹ ملک ریاض احمد کی حالت تشویشناک بتائی جا تی ہے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً تین ہزار سے زائد پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن