عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز سمیت 7کارکنوں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز
لاہور (وقائع نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ہارون لطیف نے ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سمیت سات کارکنوں کو مسلسل عدم حاضری کی بنا پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ دیگر ملزموں میں الطاف حسین شاہ ، شیخ زاہد فیاض ، خرم نواز ، ساجد محمود بھٹی، تنویر سندھو اور حاجی ولایت شامل ہیں۔ عدالت نے اس کارروائی کا آغاز حکومت کی جانب سے بنائی جے آئی ٹی ٹیم کی درخواست پر کیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان سانحہ ماڈل ٹائون کے بعد سے مسلسل روپوش ہیں اور وہ انویسٹی گیشن ٹیم سامنے بھی پیش نہیں ہو رہے لٰہذا انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے۔ عدالت نے حکم دیاکہ ملزموں کو طلب کرنے کے لئے عدالت اور ان کی رہائش گاہوں کے باہر اشتہار چسپاں کئے جائیں۔