ملتان: مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف پاور لومز مالکان کا احتجاج، روڈ بلاک
ملتان + گوجرانوالہ (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پاور لومز انڈسٹری مالکان سٹرکوں پر آگئے، ملتان میں ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی دھمکی دے دی۔ آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام انصاری چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ خالق قندیل انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نامنطور کرتے ہیں کیونکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پاور لومز انڈسٹری پہلے ہی آخری سانسیں لے رہی ہے اور ایکسپورٹ میں بے حد کمی آ چکی ہے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف پاورلومز انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کا معاشی قتل عام بند کرنے کے لئے فوری طور اقدامات کریں اور پاور لومز انڈسٹری کو ٹیوب ویل سیکٹر کی طرح بجلی کی قیمت 10روپے فی یونٹ فراہم کی جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گیپکو کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گوجرانوالہ اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔