قصور، نارنگ، جھنگ، ساہیوال، عیسی خیل اور نوشہرہ میں حادثات ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 19 جاں بحق
قصور + نارنگ + جھنگ + ساہیوال (نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 19 افراد جاں بحق ہوگئے۔قصور سے نامہ نگار کے مطابق ٹاؤن شپ لاہور کا رہائشی محمد دین موٹر سائیکل پر اپنی بیوی آسیہ بی بی اور بیٹے کو لیکر لاہور سے اوکاڑہ جا رہے تھے جب وہ گولڈن اڈا دینا ناتھ کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنے والے ٹریکٹر ٹرالہ کے ڈرائیور نے انہیں ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں آسیہ بی بی اور اس کا ڈیڑھ سالہ بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق کالاخطائی نارنگ روڈ پر بدوملہی سے لاہور جانے والی وین تیز رفتاری کے باعث لبان والا پولیس چوکی کے قریب سائیکل سوار کو بچاتی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکر ائی جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک اور 16شدیدزخمی ہوگئے بعض کی ٹانگیں اور بازو بھی ٹوٹ گئے۔ زخمیوںکو میو ہسپتال ریفر کر دیاگیا ہے جہا ں سات زخمیو ںکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثہ میں منظور نامی شخض موقع پر دم توڑگیا جب کہ سلامت علی ہسپتال جاکردم توڑ گیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 133/9ایل کے قریب دو موٹر سائیکل سوار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں 18سالہ وسیم ولد اکرام اور 16سالہ سرمد ولد صفدر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق رائیونڈ اجتماع سے واپسی پر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کار پر اپنے گھر ڈیرہ اسماعیل خان واپس جا رہے تھے کہ فیصل آباد روڈ پر چمرانوالی کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی دو بہن بھائی لقمان ولد تاج محمد اور سمیرا جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گشت پر موجود مقامی پٹرولنگ پولیس چمرانوالی موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122کے عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیا ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ عیسی چوک سے نامہ نگار کے مطابق تھاہ شاہ غریب کی حدود میں واقع گاؤں مان کے رہائشی ناصر مسیح اور شعیب مسیح اپنے موٹر سائیکل پر جا رہے تھے موڑ بھٹی کلاں کے نزدیک تیز رفتاری کے باعث اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور درخت کے ساتھ ٹکرا گئے اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔ دونوں آپس میں کزن تھے۔ نوشہرہ موٹروے پر رشکئی انٹرچینج کے قریب کار کو حادثہ ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے، ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔ کار سوار افراد تخت بائی مردان سے لاہور جا رہے تھے۔مردان سے وقت نیوز کے مطابق موٹروے پرکار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔مردان انٹرچینج کے قریب ٹائر پھٹنے سے گاڑی الٹ گئی تھی۔