ہماری فوج آزادکشمیر میں نہیں، بھارتی رپورٹس بے بنیاد ہیں: چین
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ چینی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں پاکستانی اہلکاروں کو اسلحہ کی تربیت دینے کی رپورٹیں بے بنیاد ہیں۔ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی رپورٹ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے کہا ہماری معلومات کے مطابق یہ رپورٹیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ بی ایس ایف نے اپنی ایک داخلی رپورٹ میں راجوڑی سیکٹر میں چینی فوجی اہلکاروں کی موجودگی کا کہا تھا۔ ماضی میں بھی بھارت چین پر اس طرح کے الزامات لگاتا رہا ہے تاہم حالیہ جی 20 کانفرنس کے موقع پر نریندر مودی نے چینی صدر سے ملاقات میں اصل رپورٹ کا معاملہ نہیں اٹھایا۔ ابتدائی بھارتی اندازوں کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کے 3 ہزار کے قریب افراد کشمیر میں انفراسٹرکچر کے مختلف منصوبوں میں حصہ لے رہے ہیں تاہم چین نے انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں چینی فوج کی شہولیت کی رپورٹوں کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔