دو فلاپ شوز کے بعد پیپلزپارٹی کی یوم تاسیس کی تقریب کیلئے کارکنوں کو بہتر انتظامات کی ہدایت
اسلام آباد (جاوید الرحمٰن/ نیشن رپورٹ) پیپلزپارٹی نے لندن اور برمنگھم میں مسلسل 2 فلاپ شوز کے بعد 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر نقصان کے ازالے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب کے انتظامات میں احتیاط سے کام لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری جو ان دنوں برطانیہ میں ہیں نے بھی پارٹی ارکان کو ہدایات کی ہیں کہ آئندہ تقریب میں پیپلزپارٹی مخالف نعرے لگانے والے افراد کو دور رکھنے کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ واضح رہے لندن کے ’’ملین مارچ‘‘ میں بدمزگی کے باعث بلاول کو بیان مختصر کرنا پڑا تھا، برمنگھم کے جلسہ میں بھی ’’گو نواز گو‘‘ اور ’’گو بلاول گو‘‘ کے نعروں کے بعد پولیس کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔