• news

عمران نے میرے متعلق جھوٹ بولا ہے: پارلیمانی لیڈر خیبر پی کے اسمبلی

ایبٹ آباد(ثناء نیوز)خیبرپی کے اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر سرداراورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ساہیوال کے جلسے میں میرے حوالے سے جو بیان دیا ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے میں نے صرف آئی جی خیبرپی کے کی جانب سے محکمہ پولیس میں کی جانے والی اصلاحات پر ان کی تعریف کی تھی تاہم پولیس کی صوبہ خیبرپی کے میں کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اوراغو برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اس کی زندہ مثال ہیں۔صوبے میں حکومت کے خلاف تحریک ِعدم اعتماد وزیراعظم محمد نواز شریف کے کہنے پر روکی ہے وقت آنے پراسے بھی اسمبلی سے منظور کروائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سردار اورنگزیب نلوٹھہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنائے۔ انہوں نے بنوں میں آئی ڈی پیز پر پولیس تشدد اور مقدمات درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گرفتار متاثرین کو فوری طور پر رہا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کنٹینر پر صرف جھوٹ بولا ہے لاکھوں افراد کا مجمع کرنے والے صرف دس ہزار افراد ہی جمع کر سکے۔ تیس نومبر کے روز بھی دھرنا ناکام ہوگا لہذاتحریک انصاف دھرنے ختم کرکے ملک کی اقتصادی و سیاسی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن