• news

عمران اور طاہر القادری بیرونی ایجنڈے پر ملک کو کمزور کرنے پر تلے ہیں: عابد شیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر ملک کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں، حکومت انشاء اللہ مدت پوری کرے گی۔ عوام کو تمام بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور ہم اس فرض کی بجاآوری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔محمود کالونی‘ چاند کالونی‘ علی ٹائون ‘ ون پیر میں بہت جلد بجلی‘ سوئی گیس‘ سٹریٹ لائٹس اور سیوریج کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل 97 مظفر کالونی میں چیئرمین مرزا عبدالمالک کے ڈیرے پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک شاہد‘ رانا ریاض‘ رانا لیاقت‘ ملک شہزاد‘ شفیق انصاری‘ ماسٹر محمد امین‘ چاچا رونق علی‘ سائیں اشرف‘ میاں سہیل کے علاوہ علاقے کے سینکڑوں لوگ جمع تھے۔ اپنے خطاب میں عابد شیر علی نے کہا کہ ہمارے پانچ سال کے دور حکومت میں عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک اندھیروں سے نکل کر روشنیوں کی طرف آئے گا۔ عابد شیر علی اور طاہر جمیل نے کہا کہ جب بھی ہمارا ملک ترقی کی منازل طے کرنا شروع کرتا ہے تو بعض قوتیں اسے کمزور کرنے کے درپے ہو جاتی ہیں کیونکہ بیرونی قوتیں پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں یہی وجہ ہے کہ عمران خان اور مولانا طاہر القادری بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ملک کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور خوامخواہ ملک میں افراتفری کی فضاء قائم کر رکھی ہے جس کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن