2013ئ: دہشت گردی سے ہلاکتوں میں 61 فیصد اضافہ، پاکستان تیسرے نمبر پر رہا
لندن (ایجنسیاں+ رائٹرز+ اے ایف پی) دہشت گردی سے متعلق عالمی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2013ء میں دہشت گردی کی وجہ سے ہلاکتوں میں 61 فیصد اضافہ ہوا ہے جن میں 80سے 82فیصد ہلاکتیں پاکستان، عراق، شام، افغانستان اور نائیجیریا میں ہوئیں۔ منگل کو گلوبل ٹیررزم انڈیکس 2014ء کی رپورٹ کے مطابق 2013ء میں دنیا بھر میں10 ہزار دہشت گرد حملے ہوئے جو 2012ء کے مقابلے میں 44 فیصد سے زائد تھے۔ ان حملوں میں 17958افراد مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق شدت پسند حملوں میں ہونے والی 82 فیصد ہلاکتیں، عراق، شام، افغانستان، پاکستان اور نائجیریا میں ہوئیں۔ عراق سب سے زیادہ دہشت گردوں کے نشانے پر رہا جہاں 6362افراد جاں بحق ہوئے۔ 66 فیصد شدت پسند حملوں میں طالبان، دولت اسلامیہ، بوکو حرام اور القاعدہ ملوث ہیں۔ دوسرے پانچ ممالک میں بھارت، صومالیہ، فلپائن، یمن اور تھائی لینڈ شامل ہیں جہاں ایک سے 2.3 فی صد اموات ہوئیں ۔گلوبل ٹیررزم انڈیکس کے مطابق 162 ممالک میں شدت پسندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک عراق ہے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ 2013 میں پاکستان میں 1933 پرتشدد واقعات ہوئے جن میں 2345 افراد جاں بحق جبکہ 5035 افراد زخمی ہوئے۔ فہرست کے مطابق بھارت پانچویں نمبر ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 60 ممالک ایسے ہیں جہاں دہشت گردی کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں اے ایف پی کے مطابق 2013ء میں شدت پسندی کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ بوکو حرام اور داعش کے منظر عام پر آنے کے بعد ہوا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق مڈل ایسٹ اور نائیجیریا میں جاری تصادم کے باعث ان ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔