• news

وفاق اور صوبائی حکومتوں کی تمام تر توجہ پولیو کے خاتمے پر مرکوز

لاہور (ندیم بسرا) وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں کی تمام تر توجہ پولیو کے خاتمے کی طرف مرکوز ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کیلئے کہا ہے۔ پاکستان میں 2014ء میں 236 پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں جبکہ 2013ء میں پولیو کیسز کی تعداد 93 تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور نائیجیریا میں رواں برس سب سے زیادہ پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت نے پاکستانی مسافروں کو بیرون ملک سفر کے وقت پولیو ویکسین کے سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا ہوا ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ کیس فاٹا میں 152 رپورٹ ہوئے۔ اس حوالے سے ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایا کہ صوبے کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں پولیو کی مہم وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بین الصوبائی راستوں پر چیک پوائنٹ بنا رکھے ہیں جہاں پر آنے والے دیگر صوبوں کے شہریوں کے 5 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائے جاتے ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما و صدر ڈاکٹر تنویر انور نے بتایا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت کے اقدامات گراں قدر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن