نوازشریف کی نااہلی کے لئے1997ء میں دائر4 درخواستیں زائد المعیاد، غیر موثر ہونے پر خارج
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کیلئے 1997ء میں دائرچار درزخواستیں زائد المعیاد اور غیر موثر ہونے پر خارج کردی ہیں۔ 18سال قبل دائر کی گئی درخواستوں میں سپریم کورٹ حملہ کیس اور 14ویں آئینی ترمیم کو بنیاد بنایا گیا تھا۔ متفرق درخواستوں کی سماعت میں بابر اعون نے موقف اختیار کیا کہ مجھے اس کیس کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ملی میں کسی اور کیس میں آیا تھا سیپلیمنٹری کاز لسٹ سے اس بارے معلوم ہونے پر اس عدالت میں آگیا جبکہ میری طرح دیگر درخواست گزاروں میں سے بھی کوئی عدالت حاضر نہیں ہوا، درخواست کو سماعت کے لئے فکس کرتے ہوئے ڈیڈ ووڈ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جو قانونی زبان میں ڈپلومیسی کی اصطلاح میں استعمال ہوتا ہے، عدالت نے کہا کہ یہ درخواستیں تو اب غیر موثر ہوچکی ہیں جبکہ دیگر درخواست گزار بھی اس کی پیروی نہیں کر رہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ چونکہ اب یہ غیر موثر ہو چکی ہیں اس لئے میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں جس پر عدالت نے چاروں درخواستوں کو غیر موثر قرار دے کر خارج کردیا۔ درخواستیں منظور قادر، اقبال حیدر، وکلاء محاذ اور بابر اعوان نے دائر کی تھیں۔