گوجرانوالہ میں جلسے کی تیاریاں، پی ٹی آئی نے سٹیڈیم کے جنگلے کاٹ دیئے
گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی، خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے 23 نو مبر کو جلسے کیلئے منتظمین نے جناح سٹیڈیم کی گرائونڈ میں کرسیاں لگانے، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات شروع کر دیئے ،کنٹینر اور دیگر سامان گرائو نڈ میں پہنچانے کیلئے تمام گیٹس کے آگے لگے جنگلے کاٹ کر راستے کھلے کر دیئے گئے۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنمائوں نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، مرحلہ وار تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرائونڈ میں 20 ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی اور تین سٹیج تیار کئے جائیں گے جن میں سے ایک سٹیج مرکزی قائدین، دوسرا مقامی قیادت اور تیسرا میڈیا کیلئے ہو گا۔ دوسری جانب ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری نے کہا ہے کہ عمران خان قومی اداروں کو نقصان پہنچانا بند کریں۔ قوم انکی شرانگیزی سے تنگ آ چکی ہے۔ گوجرانوالہ سٹیڈیم کی دیواریں گرانا دہشت گردی ہے، گوجرانوالہ کی انتظامیہ سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کا سخت نوٹس لے گی، عمران خان قانون کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں۔ڈی جے بٹ آج جلسہ گاہ کا دورہ کرکے سائونڈ سسٹم لگانے کیلئے جگہ کا انتخاب کریں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے جلسہ کی براہ راست مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے تمام انتظامات کی چیکنگ اور اجازت نامہ کے قواعد و ضوابط پر عملدآمد کروانے کیلئے اے سی سٹی عتیق الرحمن کو ڈیوٹی سونپ دی ہے۔