• news

کوٹ رادھا کشن کیس: 4 مرکزی ملزموں کو جیل بھیج دیا گیا، 16کا جسمانی ریمانڈ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداددہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے الزام میں گرفتار چار مرکزی ملزموں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے 16 مزیدگرفتار ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ گرفتار کئے گئے 39 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔ ملزموں کو گزشتہ روز دھرم پورہ میں خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج ہارون لطیف کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فاضل عدالت نے ملزموں کے خلاف سماعت کرنے سے معذرت کی اور قرار دیا کہ سماعت ایڈمن جج کریں گے فاضل عدالت نے کیس ایڈمن جج رائے ایوب مارتھ کی عدالت میں بھجوا دیا۔ اس دوران دو گھنٹے تک تفتیشی افسر احاطہ عدالت میں موجود ہونے کے باوجود عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 4 کے جج رائے ایوب مارتھ نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میںپیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس کے 4 مرکزی ملزموں بھٹہ مالک یوسف گجر، امام مسجد غلام حسین ، مہند جٹ اور حارث سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے ان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ جس پر عدالت نے 16 ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ کیس کے چار مرکزی ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
کوٹ رادھاکشن کشن واقعہ

ای پیپر-دی نیشن