مستونگ: بگٹی ایکسپریس کے ٹریک پر دھماکہ، انجن، 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 6افراد زخمی
لاہور+ کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کے نتیجے میں بگٹی ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے چھ افراد زخمی ہوئے۔ ریلوے ٹریک تباہ ہونے سے کوئٹہ سبی سیکشن پر ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق دشت کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ اس وقت ہوا جب لاہور سے کوئٹہ آنے والی بگٹی ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ انجن اور چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں چھ مسافر زخمی ہوئے۔ دھماکے اور ٹرین کے پٹڑی سے اترنے سے ٹرین کے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے بعد پانچ سو سے زائد مسافروں کو کوئٹہ آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ کے بعد ایف سی لیویز اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو ایمبولینس اور متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو نجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جس میں 8کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ نے بتایا کہ ٹرین کے پٹڑی سے اترنے سے تین سو فٹ ریلوے ٹریک تباہ ہوا جس سے کوئٹہ سبی سیکشن پر ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی جس کی بحالی کیلئے کام شروع کر دیا گیا، ٹریک جمعہ کی صبح تک درست ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعدد مسافروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ مزید برآں لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دشت میں ریلوے ٹریک دھماکہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ بلوچ حقوق کے نام پر دہشت گردی کارروائیاں کرنے والے غیرملکی ایجنٹ ہیں۔ سعد رفیق نے کہا ریلوے ٹریک دھماکہ میں الحمدللہ کوئی جانی نقصان ہوا نہ کوئی شدید زخمی ہوا، تمام مسافر اور ریلوے سٹاف خیریت سے ہیں۔ دریں اثنا عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کوئٹہ جعفر ایکسپریس ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور جعلی پارلیمنٹ مفادات کی قیدی بن کر سو رہی ہے۔ حکمران اس دن سے ڈریں۔ وہ دن دور نہیں جب قوم گھروں سے نکل آئے اور پھر کچھ نہیں بچے گا۔ طاہرالقادری نے دھماکے میں زخمی ہونے وا لے بچوں، عورتوں، بزرگوں اور دیگر افر اد جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔
ٹریک پر دھماکہ