اسرائیلی ناراضگی اپنی جگہ، آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت پر فخر ہے: سویڈش ملکہ
دبئی (این این آئی) سویڈن کی ملکہ عالیہ سیلفیا نے شام میں جاری خانہ جنگی سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد بالخصوص بچوں کی بہبود پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گزین شامی بچوں کی دیکھ بحال عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سویڈش حکومت بھی جنگ سے متاثرہ بچوں کی بہبود کے لئے حتی الامکان معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران بہبود اطفال فورم کی سرگرمیاں سٹاک ہوم تک ہی محدود رہی ہیں لیکن اب انہیں دوسرے ملکوں سے بھی اس کی میزبانی کے لیے دعوتیں مل رہی ہیں۔ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے میں یورپی ممالک میں سبقت پر اسرائیلی ناراضی اپنی جگہ مگر فلسطینی ریاست کی حمایت پر فخر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سویڈن کے عرب ممالک کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات ہیں مگر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا معاملہ عرب دوستی کا نہیں بلکہ انسان دوستی کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن تمام مذاہب، ثقافتوں اور مختلف عقائد کے پیروکاروں کا احترام کرتا ہے۔