پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سردیوں میں گیس مستقل بنیادوں پر دی جائے : اپٹما
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو موسم سرما میں گیس مستقل بنیادوں پر فراہم کی جائے، انڈسٹری کے لئے گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کیا جائے۔ اس امر کا اظہار گزشتہ روز ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت اپٹما کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے کی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز اور چیئرمین اپٹما پنجاب سیٹھ محمد اکبر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سردیوں میں پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے وزیراعظم کی ”خصوصی کمیٹی برائے معقول قیمت پر انرجی سپلائی“ کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پنجاب میں توانائی اس قدر مہنگی ہے کہ نہ تو خطے اور نہ ہی ملک کے دیگر صوبوں کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ توانائی کی قیمتوں کو معقول بنایا جائے۔ اگر حکومت نے اس ضمن میں کوئی قابل قبول حل نہ کیا تو پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوجائے گی۔ اگر پنجاب کی انڈسٹری کو بجلی فراہم کرنی ہے تو معقول قیمت پر دی جائے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ توانائی کم قیمتوں کی بنا پر بھارت کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوجائے گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اگر گیس کی جگہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی دینی ہے تو اس کی قیمت 10 روپے فی کے ڈبلیو ایچ مقرر کی جائے۔ جنرل باڈی اجلاس میں اپٹما کی مینجمنٹ کو مینڈیٹ دیا گیا کہ وہ تمام ٹیکسٹائل ویلیو چین کے تحفظ کے لئے حکومت سے مذاکرات کرے۔
اپٹما