اقوام متحدہ مبصر گروپ سرحدی خلاف ورزیاں رکوائے: پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی+ اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے جموں و کشمیر ایک مسلمہ تنازعہ اور سلامتی کونسل کی قراردادیں اس مسئلہ کے حل کا بہترین ذریعہ ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے پاکستان اور بھارت کیلئے اس کے فوجی مبصرین کا گروپ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے مئوثر کردار ادا کرے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور اب تک پچپن ہزار پاکستانی دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں اور پاکستان کی افواج بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان افغانستان کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں اور خطہ میں استحکام کا متمنی ہے۔ افغان صدر کا حالیہ دورہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک کامیاب دورہ تھا۔ اس دورہ کے دوران دو طرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں میں بیالیس اہم فیصلے کئے گئے۔ پاکستان روس تعلقات کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم روس کو عالمی و علاقائی سطح پر اہم کردار کا حامل ملک سمجھتے ہیں جس کا بطور خاص علاقائی امن و استحکام اور ترقی میں اہم کردار ہے۔ پاکستان اور روس کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور روسی وزیر دفاع اہم دورہ پر اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ترجمان نے کہا وزیراعظم نواز شریف 26 اور 27 نومبر کو نیپال میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر بھارتی ہم منصب سے ان کی ملاقات طے نہیں۔ بھارت نے نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی کی پیشکش نہیں کی تھی۔ آئی این پی کے مطابق تسنیم اسلم نے کہا وزیراعظم نواز شریف سارک سربراہ کانفرنس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی مسلسل خلاف ورزی کا معاملہ نہیں اٹھائیں گے‘ سارک چارٹر کے مطابق ممبر ممالک متنازعہ معاملات نہیں اٹھا سکتے۔ کھٹمنڈو میں تمام ممبر ممالک کے سربراہان کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری میزبان ملک کی ہے اس حوالے سے کئی بے بنیاد افواہیں پھیلائی گئیں حالانکہ نہ تو بھارت نے سارک سربراہ کانفرنس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کی پیشکش کی اور نہ ہی ہم نے اسے مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ نے ایل او سی اور پاکستان بھارت سرحد پر گذشتہ دنوں فائرنگ کے واقعات کی رپورٹ سیکرٹری جنرل بانکی مون کو بھجوا دی ہے اس بارے میں جلد ہی اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کو آگاہ کردیا جائے گا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا سارک کانفرنس کے موقع پر نواز شریف صرف میزبان ملک کی قیادت سے ملیں گے۔