• news

چنیوٹ: معدنی ذخائر کی تلاش میں پیشرفت خوشخبری ہے: شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کابینہ نے لوکل گورنمنٹ کی کمرشل پراپرٹیز/شاپس کی لیز میں توسیع کی پالیسی کی اصولی منظوری دے دی ہے جبکہ پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ2006ء اور پی ایچ اے ایکٹ 2012ء میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ لیبر پالیسی 2014ء اور پنجاب سینی ٹیشن پالیسی کی متعلقہ کابینہ کمیٹیوںکے جائزے کے بعد آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی۔کابینہ کے اجلاس میں شہبازشریف کی زیرصدارت سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چنیوٹ میں معدنی ذخائر کی تلاش کے منصوبے میں پیش رفت کے بارے میں ابتدائی خوشخبری پر اظہار اطمینان اور شہبازشریف کی متحرک قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں مبارکباد دی گئی۔ متاثرین کی بھرپور مدد کرنے پر پنجاب حکومت، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، متعلقہ اداروں کے سربراہان، ضلعی انتظامیہ اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ چنیوٹ میں معدنی ذخائر کی تلاش کے منصوبے میں پیشرفت کے بارے میں ابتدائی خوشخبری ملی ہے اور چینی کمپنی نے ڈرلنگ کے ذریعے حاصل ہونے والے قدرتی ذخائر کے نمونوں کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ یہ پیشرفت قوم کے لئے ابتدائی خوشخبری ہے۔ معدنی خزانے ہمارے لئے تیل یا گیس سے کم نہیں اور انشاء اللہ زمین میں چھپے یہ خزانے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے، دور آمریت میں چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے بدترین مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور صرف من پسند افراد کو نوازنے کی پالیسی نے قومی اہمیت کے اہم منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا۔ کتنے دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ ہماری زمین میں قیمتی خزانے چھپے ہوئے ہوں اور ان کی تلاش اور استعمال میں لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی بجائے کشکول گدائی اٹھائے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی معدنی ذخائر کی تلاش کے حوالے سے تمام حقائق سامنے لائے گی۔ اب تک پونے 3لاکھ سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں پونے 10ارب روپے کی مالی امداد ادا کی جا چکی ہے اور مالی امداد کا دوسرا مرحل آئندہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا، وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خوردبرد امانت میں خیانت ہو گی، سیلاب متاثرین کی مالی امداد کی تقسیم میںکسی قسم کی ناانصافی یا زیادتی کسی صورت برداشت نہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی ہمشیرہ کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے ترکی کی معروف کمپنی اینٹا کے صدر اوزی سیزر، پاکستان میں ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو مائیکل پرک نے الگ الگ ملاقات کی۔ ترک کمپنی کی جانب سے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے علاقے خان جھن شمالی میں سیلاب متاثرین کے سروے میں غفلت برتنے اور ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لیا ہے اور ان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مظفر گڑھ رانا آفتاب، تحصیلدار صاحبزادہ ظفر محمود اور نائب تحصیلدار محمد ارشاد کو معطل کر دیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کا صدر اور جبار خٹک کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن