ریڈ زون میں5 سے زائد افراد کے اجتماع، مظاہرے کرنے پر پابندی ہو گی: آرڈیننس جاری
اسلام آباد (ثناء نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کی سکیورٹی کے لئے آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاری آرڈیننس اسٹیبلشمنٹ اینڈ ریگولیشن آف سکیورٹی زون 2014ء ہو گا۔ یہ آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اس آرڈیننس کو ریڈزون کے علاوہ پورے وفاقی دارلحکومت پر لاگو کیا جاسکے گا۔ آرڈیننس کے تحت ریڈ زون میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع یا مظاہرہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔آرڈیننس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا ہو سکے گی۔ ڈنڈے، لاٹھی رکھنے یا منقولہ اور غیرمنقولہ اشیا کی تباہی میں ملوث افراد کو تین سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوگی جبکہ آرڈیننس کے تحت آتشی اسلحے کے استعمال یا رکھنے پر بھی پابندی ہو گی۔معصوم لوگوں،خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنانے پر بھی پابندی ہوگی۔آرڈیننس کے تحت ہائی سکیورٹی زون میں سرکاری ملازمین کو دفاتر میں جانے سے روکنے یا ملازمین کو دفاتر میں یرغمال بنانے پر پابندی ہو گی۔ ہائی سکیورٹی زون میں روڈ بلاک کرکے مجاز شہریوں اور سرکاری ملازمین کی گاڑیوں کی تلاشی پر پابندی ہوگی ان جرائم میں ملوث افرادکو پانچ سے دس سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزاہوسکے گی۔ ہائی سکیورٹی زون میں لاوڈ سپیکرز کے استعمال ، تجاوزات کرنے اور سڑکوں پر رفع حاجت پر پابندی ہوگی ۔قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں، اداروں اور ایجنسیوں کے احکامات کی خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔آرڈیننس کی شق چھ اور آٹھ کے جرائم ناقابل ضمانت اور قابل دست اندازی پولیس ہوں گے۔ اس آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت‘ افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکارکے خلاف کوئی عدالتی یا قانونی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔